بنگلا دیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کیخلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد حکومت نے جماعت اسلامی اور طلبہ تنظیم اسلامی چھاترو شبر پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلادیشی وزیر قانون انیس الحق نے بروز منگل یہ اعلان کیا کہ جماعت اسلامی پر پابندی کے فیصلے کو حتمی شکل دینے کے لیے آج وزیر داخلہ سے مشاورت ہوگی جس کے بعد کل ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے جماعت اسلامی بنگلادیش اور اسلامی چھترو شبر پر پابندی عائد کردی جائے گی۔
انکا کہنا تھا کہ ملک میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کیخلاف حالیہ پر تشدد احتجاج کو ہوا دینے میں جماعت اسلامی اور اس کی طلبہ تنظیم اسلامی چھاترو شبر ملوث تھی،
دوسری جانب جماعت اسلامی بنگلادیش کے رہنماؤں نے حکومتی فیصلے کو غیر قانونی، غیر آئینی اور ماورائے عدالت قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والے پُرتشدد احتجاج میں 200 سے زائد افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے جبکہ مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔