Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

آج ہمارا ملک امنگوں سے بھرا ہوا ہے، 78واں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب

وزیراعظم  نریندر مودی نے ملک کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر تاریخی لال قلعہ سے گیارہویں مرتبہ ترنگا لہرایا۔ اس موقع  پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ آج کا دن ان ہزاروں بہادر بیٹوں کو یاد کرنے کا ہے جنہوں نے ہمارے ملک کے لیے جانیں دیں۔ ملک ان کا مقروض ہے اور ہم ایسے ہر عظیم انسان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،
نوجوان ہوں، خواتین ہوں یا قبائلی، سب نے غلامی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ 1857ء کی جدوجہد آزادی سے قبل بھی کئی قبائلی علاقوں میں آزادی کی جنگ لڑی جا رہی تھی۔
اس وقت کی آبادی کے حساب سے 40 کروڑ ہم وطنوں نے وہ جذبہ دکھایا کہ وہ ایک خواب اور عزم کے ساتھ آگے بڑھتے رہے۔
اگر 40 کروڑ لوگ غلامی کے طوق کو توڑ سکتے ہیں تو میرے 140 کروڑ شہری اور ملک کے اہل خانہ ہر چیلنج پر قابو پا کر ایک خوشحال ہندوستان بنا سکتے ہیں۔ ہم 2047 میں ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔
لال قلعہ سے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے کہا، "ایک زمانے میں دہشت گرد آکر ملک پر حملہ کرتے تھے، لیکن اب فوج سرجیکل اسٹرائیک کرتی ہے اور ملک کے نوجوانوں کا سینہ فخر سے بھر جاتا ہے۔"
انہوں نے کہا، ’’آج 140 کروڑ ہم وطنوں کا بھروسا ہے اور وہ ملک بھر میں ہونے والی اصلاحات سے مضبوط ہو رہے ہیں۔ مضبوط قیادت، غیر متزلزل عزم اور عوامی شرکت کے ذریعے ہم ناقابل یقین کامیابی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔
آج ہمارا ملک امنگوں سے بھرا ہوا ہے اور ہماری توجہ ہر شعبہ میں کام کو تیز کرنے پر ہے۔ آئیے تبدیلی کیلئے درکار انفراسٹرکچر پر کام کریں۔ ہمیں شہریوں کی بنیادی سہولیات کو مضبوط کرنا چاہیے جس کی وجہ سے معاشرہ خواہشات سے بھرا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں عوام کی آمدنی دوگنی ہوگئی ہے۔ ہندوستان کے تئیں عالمی اداروں کا اعتماد بڑھ گیا ہے۔ پی ایم مودی نے کہاکہ ہندوستان نے کورونا وبا کے درمیان اپنی معیشت کو تیزی سے بڑھایا۔ جب ذات پات، عقیدہ اور مسلک سے اوپر اٹھ کر ہر گھر میں ترنگا لہرایا جاتا ہے تو لگتاہے کہ ملک کی سمت درست ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج پورا ملک ترنگا ہے ہر گھر ترنگا ہے۔ نہ کوئی ذات ہے اور نہ کوئی اونچ نیچ۔ سبھی ہندوستانی ہیں۔اپنے خطاب میں پی ایم مودی نے کہاکہ 60 سال بعد عوام نے ہمیں مسلسل تیسری بار ملک کی خدمت کا موقع دیا۔ عوام کے آشیرواد میں میرے لیے ایک ہی پیغام ہے کہ ہر فرد کی خدمت، ہر خاندان کی خدمت، ہر علاقے کی خدمت اور اسی کے ذریعے ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچناہے۔ لال قلعہ کی فصیل سے میں ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہم 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف حاصل کرلیں گے.