انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے انتخابات میں سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید صدر کے عہدے پر منتخب ہو گۓ ہیں،
سینٹر میں صدر سمیت مختلف عہدوں کے لیے گزشتہ 11 اگست کو ووٹنگ ہوئی تھی اور پھر مسلسل 3 دن تک جاری رہنے والی رائے شماری میں سلمان خورشید نے 721 ووٹ حاصل کر کامیابی حاصل کی۔
نائب صدر کے لئے علی گڑھ کے سابق میئر فرقان احمد نے کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے بدرالدین خاں پر سبقت حاصل کی۔
بورڈ آف ٹرسٹیز کے لئے کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ابوذر حسنین، ایس ایم خاں،قمر احمد سابق آئی پی ایس، سکندر حیات خاں، خواجہ ایم شاہد، سراج قریشی (سابق صدر اسلامک کلچرل سنٹر) اور فرخ ناز شامل ہیں۔
مجلس عاملہ کے فاتح امیدواروں میں پروفیسر شمامہ، شاہانہ بیگم، شاہد اے خاں اور ارمان خاں شامل ہیں۔
سلمان خورشید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ سلمان خورشید کا اسلامک سینٹر کا صدر منتخب ہونا ہندوستانی مسلمانوں کے مفاد میں بہتر ثابت ہوگا۔ میں پُرامید ہوں کہ وہ سینٹر کے وقار کو ملک و بیرون ملک میں بلند کرنے کا کام کریں گے۔