Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا کیا اعلان:جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں ہوں گے انتخابات،4 اکتوبر کو نتائج

الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے،
تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے راجیو کمار نے کئی اہم باتیں کہیں۔ جس میں جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں انتخابات ہونے ہیں اور انتخابات کے نتائج 4 اکتوبر کو آئیں گے۔ انتخابات کا پہلا مرحلہ 18 ستمبر کو ہوگا، دوسرے مرحلے کے انتخابات 25 کو ہوں گے اور تیسرے مرحلے کی ووٹنگ یکم اکتوبر کو ہوگی،
پریس کانفرنس کے دوران راجیو کمار نے کہا کہ الیکشن شفاف طریقے پر منعقد کیا جائے گا اور سبھی سیاسی پارٹیز اور ان کے نمائندوں کو تشہیری مہم چلانے کے لئے کھلا میدان فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے دوران نمائندوں سمیت ووٹرز کی حفاظت کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن سمیت حکومت کی بھی اولین ترجیح ہے اور اس حوالہ سے نمائندوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی بھی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ راجیو کمار نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران شراب، منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کو بھی جاری رکھا جائے گا۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ ہریانہ میں بھی یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی، ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔ اس معاملے پر ہریانہ کانگریس کے سربراہ ادے بھان نے کہا کہ ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں اور کانگریس تیار ہے، کانگریس 2/3 اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔
یاد رہے کہ جموں و کشمیر میں 10 سال قبل یعنی سال 2014میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ اس وقت جموں کشمیر کی 87سیٹوں پر انتخابات منعقد ہوئے تھے جس میں یو ٹی لداخ بھی شامل تھا اور پی ڈی پی نے 28بی جے پی نے 25اور نیشنل کانفرنس نے 15سیٹوں پر جیت درج کی تھی جبکہ کانگریس 12سیٹوں پر کامیاب رہی تھی۔