انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) نے 17 اگست ہفتہ کی صبح 6 بجے سے 24 گھنٹے کے لیے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
آئی ایم اے کا کہنا ہے کہ کولکاتا کے آر جی کر میڈیکل کالج اور اسپتال میں زیر تربیت ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل اور پھر یوم آزادی کے موقع پر احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کے ساتھ کی گئی بدسلوکی کے خلاف ڈاکٹر 17 اگست کو 24 گھنٹے کے لیے ہڑتال پر ہوںگے۔
آئی ایم اے نے ایک بیان میں کہا، "تمام ضروری خدمات کو برقرار رکھا جائے گا۔ ایمرجنسی معاملوں کی تعداد پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ ریگولر او پی ڈی خدمات بند رہیں گی اور متبادل سرجری بھی نہیں کی جائیں گی۔ یہ بندش ان تمام علاقوں میں رہے گی جہاں ڈاکٹر جدید طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں”۔
آئی ایم اے نے کہا کہ 9 اگست کو کولکاتا کے آر جی کار میڈیکل کالج میں چیسٹ میڈیسن شعبہ کے ایک آن ڈیوٹی پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کی واردات سے طبی دنیا اور ملک دونوں سکتے میں ہیں۔ آئی ایم اے نے کہا، "جرائم کی صورتحال میں کالج کے حکام نے لاپرواہی سے کام لیا اور پولیس کی تفتیش پہلے دن کے بعد ہی رک گئی۔”
انہوں نے کہا کہ چونکہ ریزیڈنٹ ڈاکٹر ہڑتال پر ہیں، آئی ایم اے کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اور کینڈل مارچ بھی جاری ہیں۔
واضح رہے کہ 13 اگست کو، کولکاتا ہائی کورٹ نے اب تک کی تحقیقات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ریاستی پولس سے کہا کہ وہ اس معاملے کو سی بی آئی کے حوالے کرے۔