فلم انڈسٹری میں اپنی کامیڈی سے لوگوں کو ہنسانے والے کامیڈی کنگ راجپال یادو ان دنوں مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔حال ہی میں بینک کے قرض کی عدم ادائیگی کے معاملے میں یوپی میں تعمیر ان کے والد کی جائیداد کو بینک نے ضبط کر لی ہے۔
دراصل، راجپال یادو نے سینٹرل بینک آف انڈیا ممبئی سے قرض لینے کی ضمانت کے طور پر اپنے والد نورنگ یادو کے نام پر زمین اور عمارت کے دستاویزات بینک میں جمع کرائے تھے۔ جس کے بعد بینک نے یہ کارروائی قرض کی رقم ادا نہ کرنے کی وجہ سے کی ہے۔
راجپال یادو نے ممبئی میں سینٹرل بینک آف انڈیا سے 3 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ سیکورٹی کے طور پر اس نے والد نورنگ یادو کے نام پر رجسٹرڈ زمین اور مکان کے کاغذات جمع کرائے تھے۔ قرض کی عدم ادائیگی کی وجہ سے یہ رقم بڑھ کر 11 کروڑ روپے ہو گئی۔ جسکے بعد اس معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے سنٹرل بینک آف انڈیا باندرہ کرلا کمپلیکس ممبئی برانچ کی ٹیم جائیداد کو ضبط کرنے کے لیے 8 اگست کو شاہجہاں پور پہنچی تھی۔
اس کے بعد حکام نے کامیڈین راجپال یادو کی جائیداد کو سیل کر دیا۔ بینک حکام نے اس کی جائیداد کو تالا لگا دیا اور ایک پوسٹر بھی لٹکا دیا، جس پر لکھا تھا کہ اب سے یہ جائیداد سینٹرل بینک آف انڈیا کی ہے، اسے نہ خریدا جا سکتا ہے اور نہ ہی بیچا جا سکتا ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ راجپال یادیو کو سال 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’اتا پتہ لاپتہ‘‘ میں دیکھا گیا تھا۔ اس فلم کو ان کی اہلیہ رادھا یادیو نے ڈائریکٹ اور پروڈیوس کیا تھا۔ راجپال نے اس فلم کے لیے سینٹرل بینک آف انڈیا سے قرض لیا تھا۔ فلم کی ریلیز سے قبل بزنس مین ایم جی اگروال نے راجپال پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا تھا جس کی وجہ سے دہلی ہائی کورٹ نے فلم کی ریلیز پر پابندی لگا دی تھی۔ کئی تنازعات کے بعد یہ فلم 2 نومبر 2012 کو ریلیز ہوئی۔ کروڑوں میں بنی یہ فلم باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوئی اور صرف 38 لاکھ روپے کلیکشن ہی کر پائی۔