Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی چمپائی سورین کے قافلے کی گاڑی حادثہ کا شکار،ایک سکیورٹی اہلکار کی موت، 5 فوجی زخمی

جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی چمپائی سورین کی اسکارٹ گاڑی کو ایک نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کی وجہ سے اسکارٹ گاڑی کے ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
 جبکہ اس حادثے میں پانچ دیگر جوان زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک شدہ کی شناخت ونے کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ حادثہ نصف رات اس وقت پیش آیا جب اسکارٹ گاڑی میں سوار جوان ریاست کے وزیر چمپائی سورین کو جلنگ گوڈا میں واقع ان کی رہائش گاہ سے اتار کر پولیس لائن واپس آ رہے تھے۔
اسی دوران سرائیکیلا-کنڑا مین روڈ پر موڈیا گاؤں کے قریب اسکارٹ گاڑی ایک  نامعلوم گاڑی سے ٹکرا گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی سینئر افسر اور پولیس ٹیم گاؤں والوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔ جس کے بعد حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو صدر اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اس حادثے میں مغربی سنگھ بھوم ضلع کے کھٹپانی بلاک کے بھویا گاؤں کے رہنے والے ونے سنگھ کی موت ہوگئی۔لاش پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر چمپائی سورین منگل کی دیر رات دہلی سے سرائیکیلا واپس آئے تھے۔ وہ سب سے پہلے دہلی سے کولکتہ پہنچے۔
وہاں سے وہ بذریعہ سڑک سرائی کیلا کے جلنگولا میں اپنی رہائش گاہ پہنچے۔ انہیں ان کی رہائش گاہ پر چھوڑنے کے بعد، ان کی حفاظت میں مصروف فوجی رات گئے واپس پولیس لائن پہنچے۔ پولیس لائن واپس آتے ہوئے موڑیا گاؤں کے قریب نامعلوم گاڑی سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔