افغانستان میں طالبان حکومت نے داڑھی نہ رکھنے پر 280 سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کو برخواست کر دیا ہے۔
افغانستان میں طالبان حکومت سنبھالنے کے بعد ہی بغیر داڑھی والے سرکاری ملازمین کیلئے نئی ہدایات جاری کی تھیں۔
طالبان حکام نے منگل کے دن یہ جانکاری دی کہ طالبان کی اخلاقی امور کی وزارت نے داڑھی نہ رکھنے پر سکیورٹی فورس کے 280 سے زیادہ اہلکاروں کو برطرف کر دیا ہے۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال افغانستان میں غیراخلاقی حرکات کے ارتکاب کے الزام میں 1300 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال میں 21 ہزار سے زائد موسیقی کے آلات کو توڑا گیا جبکہ ہزاروں کمپیوٹر آپریٹرز کو بازاروں سے غیر اخلاقی فلمیں فروخت کرنے سے روکا گیا۔
ساتھ ہی بتاتے چلیں کہ 2021 میں امریکی فوج کے انخلا کے بعد اقتدار سنبھالنے والی طالبان حکومت کو اس کی پالیسز کی وجہ سے انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔