Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

اترپردیش کے سرکاری محکمے میں ڈریس کوڈ ہوا نافذ، سفید قمیض اور فارمل بلیزر پہننے کا فرمان جاری

 اتر پردیش کے محکمہ محصولات (ریونیو) نے اپنے ملازمین کے لیے ایک نیا ڈریس کوڈ جاری کیا ہے جس کے تحت ملازمین کو سفید رنگ کی قمیض اور فارمل بلیزر پہننا لازمی ہوگا۔ 
اس کے ساتھ ساتھ کونسل کا لوگو بھی شرٹس اور بلیزر پر لگانا ہوگا۔ 
یہ ڈریس کوڈ محکمہ کے تیسری درجے کے فیلڈ افسران جیسے کہ لیکھ پال، امین، ریونیو انسپکٹر اور نائب تحصیلداروں پر نافذ العمل ہوگا۔
اب سے یہ تمام ملازمین سفید قمیض، فارمل بلیزر وغیرہ میں بائیں جیب پر نشان کے ساتھ نظر آئیں گے۔ 
محکمہ کا ماننا ہے کہ وردی پہننے اور محکمہ کا نشان لگانے سے انکی شناخت آسانی سے ہو جائے گی اور ان کے ساتھ ہونے والے واقعات میں بھی کمی آئے گی۔ 
حکام کے مطابق ایسا اس لیے کیا گیا ہے کہ لوگ اکثر فیلڈ سٹاف کو معلومات دینے سے گریز کرتے ہیں 
لیکن اب ان کا ڈریس کوڈ بننے سے ان کی شناخت آسان ہو جائے گی اور فیلڈ میں بھی عام لوگ ان پر اعتماد کر سکیں گے۔ 
اس سلسلے میں ریونیو کونسل کے اسپیشل ایگزیکٹیو آفیسر سنیل کمار جھا نے ریاست کے تمام ڈویژنل کمشنروں اور ضلع مجسٹریٹس کو ہدایات بھیجی ہیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ریونیو کا نشان ڈویژنل کمشنر، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور افسران کے دفتر میں کیے گئے تحریری کام یا خط و کتابت یا تحریری مواد پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔