Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
World

نیپال میں بارش اور سیلاب نے مچائی تباہی ،اب تک 170 افراد ہلاک۔ تین دن کیلئے اسکول اور کالج بند

ہندوستان کے پڑوسی ملک نیپال میں شدید بارشوں کے باعث وہاں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں کے بڑے حصوں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے۔
یہ تباہی جمعرات کی شام سے شروع ہونے والی ریکارڈ توڑ بارش کی وجہ سے ہوئی ہے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے سڑکیں، پل اور دیگر انفراسٹرکچر کو  کافی نقصان پہنچا ہے۔
وزارت داخلہ کے حکام کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے اب تک 170 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 42 لاپتہ ہیں۔
 کھٹمنڈو کی اہم ندی باگمتی جمعہ اور ہفتہ کو ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے تمام اسکول اور کالج تین دن کیلئے بند کردیے ہیں۔
 وزارت داخلہ کے ترجمان رشی رام پوکھرل کے مطابق ملک میں سیلاب
سے متعلق واقعات میں 111 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
 پوکھرل نے کہاکہ تمام سیکیورٹی اداروں کی مدد سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
 فوج نے ملک بھر میں پھنسے 162 افراد کو ہوائی جہاز کے ذریعہ محفوظ کیا ہے۔ اس کے علاوہ نیپالی فوج،  پولیس اور مسلح پولیس فورس کے عہدیداروں نے متاثرہ علاقوں سے 4000 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔
 ریسکیو کیے گئے لوگوں میں خوراک سمیت تمام ضروری امدادی سامان تقسیم کیے جا رہے ہیں۔