مدھیہ پردیش کے اندور کے گربا پنڈالوں میں غیر ہندوؤں کے داخلے پر پابندی لگانے کے لیے اندور بی جے پی ضلع صدر نے عجیب و غریب مشورہ دیا ہے۔
اندور ضلع (دیہی) بی جے پی کے صدر چنٹو ورما نے کہا کہ گربا پنڈال میں داخل ہونے سے پہلے ہر شخص کو گئوموتر بطور پرساد دیا جانا چاہیے۔
ایسا کرنے سے جو شخص ہندو ہوگا اسے گئوموتر پینے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا،
دراصل صحافیوں نے چنٹو ورما سے گربا میں آنے والوں کے تحفظ کے تعلق سے سوال کیا تھا۔
جسکے جواب میں انہوں نے یہ عجیب و غریب جواب دیا کہ دیوی کی پوجا کرنے کے لیے گربا کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کیا جائے۔
کئی بار ایسے لوگ گربا پنڈال میں بھی شریک ہوتے ہیں، جن کے بارے میں بعد میں جھگڑا اور بحث ہوتی ہے۔
ایسے میں میں مانتا ہوں اور یہ بھی درخواست کرتا ہوں کہ گربا پنڈال میں داخل ہونے سے پہلے ہر شخص کو گئوموتر بطور پرساد دیا جائے۔
ہر کسی کو گئوموتر پینا چاہیے۔ ہم گئوموتر پیتے ہیں۔ ایسے میں گئوموترکو پرساد کے طور پر ہر کسی کو دینا چاہیے۔
گربا پنڈال میں آنے والے ہر شخص کو پروگرام میں داخل ہونے اور شرکت کرنے سے پہلے گئوموترپینا چاہیے۔
اسکے علاوہ بی جے پی لیڈر نے یہ بھی کہا کہ میں منتظمین سے درخواست کرتا ہوں کہ گئوموتر پینے کے بعد ہی پنڈال میں داخل ہوں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا آدھار کارڈ کے ذریعے بھی داخلہ لیا جا سکتا ہے؟ اس پر چنٹو ورما نے کہا کہ آدھار کارڈ ٹھیک ہے، لیکن اس میں ایڈیٹنگ بھی ہے۔ میرا یقین ہے کہ ہر کسی کو اپنے مذہب کی پیروی کرنی چاہیے۔
گربا پنڈال میں ایسا ہی ہونا چاہیے۔ اگر داخل ہونے والا شخص ہندو ہے تو وہ گئوموترضرور پیے گا۔ نہ پینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔