Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

پیغمبراسلام کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں۔نرسمہا نند کےخلاف سخت کاروائی کرنے،مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدرمولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا مطالبہ

اتر پردیش کے غازی آباد میں ایک پروگرام کے دوران مہنت یاتی نرسمہانند نے پیغمبراسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن شریف کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کیا جس کے بعد ملک بھر میں بد امنی پھیل گئی ہے۔
 اس کے خلاف کئی مقامات پر ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں۔ اب اس معاملے پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کہا کہ نرسمہانند کی پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے یتی نرسمہانند کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا عمل ہے اور اگر نوجوان ردعمل میں مشتعل ہو جائیں تو پورے ملک کا امن و امان درہم برہم ہوسکتا ہے۔ 
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کہاکہ اسلام کا تصور یہ واضح ہے کہ !اسلام ایک خدا پر یقین رکھتا ہے، یہ بت پرستی پر یقین نہیں رکھتا، لیکن قرآن میں دیگر کمیونٹیز کی طرف سے پوجےجانے والے دیوی دیوتاؤں کو برا بھلا کہنے سے منع کیا گیا ہے۔
 یہ مذہب، ایمان اور مذہب کی بنیاد ہے۔ یہی وہ صحیح راستہ ہے جس سے معاشرے میں امن قائم ہو سکتا ہے اور جو معاشرے کے تمام طبقات کو متحد کر سکتا ہے۔