ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر پاکستان میں ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد واپس ہندوستان پہنچ گئے ہیں۔
اس دوران ایس جے شنکر نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بات کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے دیے گئے عشائیے کے دوران جے شنکر اور اسحاق ڈار کے درمیان مختصر تبادلہ خیال ہوا۔ عشائیہ کے دوران تقریباً 5 سے 7 منٹ تک جاری رہنے والی گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ کرکٹ سیریز دوبارہ شروع کرنے پر بات چیت ہوئی۔
اس گفتگو میں پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی بھی شامل تھے۔ وہ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر بھی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہندوستان نے کرکٹ کی بحالی پر بات چیت شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
بتا دیں کہ دونوں ممالک کے درمیان اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم انڈیا کی شرکت کو لے کر تنازعہ ہے۔ پاکستان کے ساتھ خراب تعلقات کی وجہ سے بھارتی حکومت نے گزشتہ 17 سالوں سے ٹیم انڈیا کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی ہے ۔اس عرصے کے دوران پاکستانی ٹیم 2-3 بار ہندوستان آئی ہے لیکن ٹیم انڈیا 2008 سے پاکستان نہیں گئی ہے۔
تاہم اس معاملے پر بی سی سی آئی یا پی سی بی کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان آئندہ سال فروری کے مہینے میں چمپئنس ٹرافی کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔ اس ایونٹ میں ہندوستانی ٹیم کی شرکت کے تعلق سے ابھی تک کچھ بھی واضح نہیں ہوپایا ہے۔