Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

بی جے پی رہنما کے بیٹے عباس حیدر کی، پاکستان کی سیدہ عندلیب زہرا سے ویڈیو کال کے ذریعے ہوا نکاح

اتر پردیش کے جونپور میں دو سرحدوں سے تعلق رکھنے والا ایک حسین منظر سامنے آیا ہے۔ 
جہاں بی جے پی رکن تحسین شاہد کے بیٹے عباس حیدر نے ویڈیو کال کے ذریعے آن لائن  پاکستان کی سیدہ عندلیب زہرا سے شادی کی۔
شادی کی تقریب  میں سیکڑوں افراد دولہے کے ہمراہ تھے دوسری طرف پاکستان کے شہر لاہور میں بھی لوگ شادی کے لیے لڑکی والوں کی طرف سے ایک جگہ جمع تھے۔ دونوں کی شادی کے بعد اب دلہن ویزا ملنے کے بعد بھارت آنے کو تیار ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ایک سال قبل مخدوم شاہ آدھان شہر کے رہائشی اور بی جے پی کے رکن تحسین شاہد نے اپنے بڑے بیٹے محمد عباس حیدر کی شادی پاکستان کے شہر لاہور میں رہنے والی اپنی رشتہ دار عندلیپ زہرا سے طے کی تھی۔ 
اس دوران پاکستان میں بچی کی والدہ رانا یاسمین زیدی کی طبیعت بگڑ گئی۔ اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ایسے میں لڑکی کے گھر والوں سے بات کرنے کے بعد  آن لائن شادی کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
شادی کے لیے ہائی کمشنر میں ویزا کے لیے درخواست دی  گئی تھی۔ ویزا نہ ملنے پر  آخرکار جمعہ کی رات تحسین شاہد شادی کے لیے اپنے  سینکڑوں مہمانوں کے ساتھ امام باڑہ کلو مرہم پہنچے اور ٹی وی سکرین پر سب کے سامنے آن لائن نکاح کی رسم ادا کی۔