عراقی میڈیا ریگولیٹر نے حماس، حزب اللہ اور ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کو دہشت گردی سے جوڑنے پر ایک سعودی ٹی وی چینل کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عراق،سعودی عرب کے چینل کو ملک میں مکمل طور پر بند کرنے کے اقدامات بھی کر رہا ہے۔
سعودی چینل نے اپنی ایک رپورٹ میں حماس، حزب اللہ اور قدس فورس کو دہشت گردی کے چہرے کے طور پر دکھایا تھا۔
جسکے بعد عراقی کمیونیکیشنز اور میڈیا کمیشن نے ایم بی سی میڈیا گروپ کا لائسنس معطل کردیا ہے۔
عراقی میڈیا ریگولیڑ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم بی سی نے اپنی رپورٹ میں شہیدوں کی توہین کی ہے۔
سعودی ٹی وی چینل پر اس رپورٹ کے نشر ہونے کے بعد بغداد میں ایم بی سی میڈیا گروپ کے چینل پر ایران کے حامی مسلح جماعتوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ اور سعودی عرب مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔
اس رپورٹ میں حماس کے رہنما یحییٰ سنوار، قدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔
عراق میں پائے جانے والی اس شدید ناراضگی کے بعد سعودی عرب نے بھی بیان جادی کرتے ہوۓ کہا کہ ایم بی سی نے اس رپورٹ کو نشر کر کے سعودی عرب کی اپنی میڈیا پالیسی کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔
سعودی عرب کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنے قوانین کے تحت بھی ٹی وی چینل کے خلاف کارروائی کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ ایم بی سی کی جانب سے یہ متنازع رپورٹ سوشل میڈیا اور ویب سائٹ سے ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔