Thursday, November 7, 2024 | 1446 جمادى الأولى 05
National

تیاگی برہمن سے بنے اب ٹھاکر ، اسلام چھوڑ کر ہندو مذہب اختیار کرنے والے وسیم رضوی نے اپنا نام ایک بار پھر کیا تبدیل

 شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی نے ایک بار پھر اپنا نام تبدیل کر لیا ہے۔ اس بار انہوں نے اپنا نام جتیندر نارائن تیاگی سے ٹھاکر جتیندر نارائن سنگھ سینگر میں بدل لیا ہے۔
 یاد رہے کہ وسیم رضوی نے 2021 میں اسلام کا دامن چھوڑ کر ہندو مذہب اختیار کر لیا تھا۔ 
'وسیم رضوی' تیاگی سے ٹھاکر بن گئے ہیں، انہوں نے اپنا نام بدل کر جیتندر نارائن سنگھ سینگر رکھ لیا ہے۔ مذہب کی تبدیلی کے حوالے سے وسیم رضوی نے کہا تھا کہ ’انہیں مذہب اسلام سے نکال دیا گیا ہے، اس لیے اب وہ ہندو مذہب میں پناہ لے رہے ہیں‘۔ ہندو مذہب کو اپناتے ہوئے انہوں نے میڈیا کے سامنے کہا تھا کہ سناتن دھرم دنیا کا پہلا مذہب ہے اور اس میں باقی تمام مذاہب سے زیادہ خوبیاں ہیں۔ 
مذہب کی تبدیلی کی وجہ سے وسیم رضوی کو اپنے خاندان سے بھی الگ ہونا پڑا۔ وسیم رضوی کی والدہ اور بھائی اور دیگر پریوار والے ان سے مکمل طور پر تعلقات توڑ لیے ہیں۔
بتا دیں کہ یوگی آدتیہ ناتھ کے یوپی کے سی ایم بننے کے بعد وسیم رضوی (ٹھاکر جتیندر )کو شیعہ وقف سنٹرل بورڈ کا چیئرمین بھی بنایا گیا تھا لیکن مساجد و مدارس پر ان کے متنازع بیانات کو دیکھتے ہوئے انہیں چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
 وسیم رضوی نے مدرسہ کی تعلیم کو دہشت گردی سے جوڑنے کا بیان دیا تھا، قطب مینار کو ہٹانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کی تھی۔ ان تمام باتوں کے پیش نظر شیعہ اور سنی دونوں برادریوں کے اعلیٰ علمائے کرام نے ان کے خلاف فتویٰ جاری کیا تھا۔ اسلام سے خارج ہونے کے بعد، ڈاسنا مندر کے مہنت نرسمہانند نے وسیم رضوی کو ہندو مذہب میں شامل کر لیا تھا۔