جھارکھنڈ اور مہاراشٹرا میں کل پولنگ ہونے والی ہے۔ تاہم جھارکھنڈ انتخابات سے عین قبل ایک مرتبہ پھر ای ڈی نے آج ریاست کے کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ای ڈی نے مغربی بنگال اور جھارکھنڈ کے 17 مقامات پر چھاپے مارہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق یہ معاملہ جھارکھنڈ میں بنگلہ دیشیوں کی غیر قانونی دراندازی سے جڑا ہوا ہے۔ ای ڈی کے عہدیدار بھاری پولیس کے ساتھ کئی مقامات پر تلاشی مہم چلارہے ہیں۔ اس دوران حکمراں اتحاد نے ایک مرتبہ پھر ای ڈی کی اس کاروائی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔جے ایم ایم کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ پولنگ سے صرف ایک دن قبل ای ڈی کی اس کاروائی کا کیا مطلب ہے سب جانتے ہیں۔
اسکے علاوہ جے ایم ایم کے سینئر لیڈر منوج پانڈے نے کہاکہ عین انتخابات سے پہلے تحقیقاتی ایجنسیوں کا استعمال یہ واضح کرتاہے کہ بی جے پی جھارکھنڈ میں بہت پریشان ہے۔ منوج پانڈے نے کہاکہ انتخابات میں ہار اور جیت لگی رہتی ہے لیکن انتخابات سے عین قبل تحقیقاتی ایجنسیوں کا استعمال بہت غلط اقدام ہے۔
انہوں نے بی جے پی کو مشورہ دیاکہ وہ اس انتخابات کی فکر چھوڑدیں اور پانچ سال بعد ہونے والے انتخابات کی تیاریوں پر توجہ دیں کیونکہ ان انتخابات میں ان کی شکست یقینی ہے۔ جے ایم ایم لیڈر نے کہاکہ بی جے پی کی حالت یہ ہوگئی ہے کہ آج وزیراعظم کو گلی گلی پھرنے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ جھارکھنڈ میں کل پہلے مرحلے کی پولنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کی تیاریاں جاری ہیں۔ پولنگ پارٹیز کو ان کے متعلقہ پولنگ مراکز پر روانہ کیا جارہا ہے۔ پہلے مرحلے میں جھارکھنڈ اسمبلی کی 43 سیٹوں پر پولنگ ہوگی جس کیلئے 685 امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابی تشہیری مہم کے دوران این ڈی اے اور انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں نے ووٹروں کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کی۔ تشہیری مہم اب تھم گئی ہے اور ووٹروں کو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا ہے۔