حیدرآباد:رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے بی آر ایس کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو دوٹوک جواب دیتے ہوئےکہا کہ پارٹی کارکنان پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کے اندراج اور ہراسانی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر پارٹی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔
کویتا نے کہا کہ بی آر ایس کارکنان کے تحفظ کے لئے قانونی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے جو ایسے مقدمات اور سازشوں کا موثر انداز میں جواب دے گی ۔ کویتا نے پرزور انداز میں کہا کہ سوشل میڈیا پر حقائق کو اجاگر کرنا یا حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔ اجلاس میں ضلع صدر جگتیال کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ، رکن اسمبلی کورٹلہ ڈاکٹر اے سنجے اور دیگر سینئر قائدین موجود تھے ۔ کے کویتا نے کارکنان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں بی آر ایس کارکنان کا کردار ناقابل فراموش ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کارکنان سے مخالفین کی سازشوں کا موثر جواب دینے کی اپیل کی ۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کےچندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ نے غیرمعمولی ترقی کی ہے۔ جسے جھوٹے الزامات یا بے بنیاد بیانات کے ذریعے فراموش اور نظر انداز نہیں جا سکتا ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے حالیہ بیانات پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کوئی ایسا پودا نہیں ہے جسے اکھاڑا جا سکے بلکہ وہ تلنگانہ کے افق پر ایک روشن ستارہ ہیں جو ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتا رہے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونت ریڈی کے آقا خود تلنگانہ کی جدوجہد کے دوران بے بس ہو چکے تھے جبکہ کے سی آر نے اپنی قیادت میں ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔ اجلاس کے دوران آل انڈیا پدما شالی سنگم کے نمائندوں نے کے کویتا سے ملاقات کی اور ذات پات پر مبنی مردم شماری سے متعلق بی سی کمیشن کو جامع رپورٹ کی پیشکشی پر اظہار تشکر کیا۔ کے کویتا نے اس موقع پر کہا کہ بی آر ایس ہمیشہ پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ رہی ہے اور بی آر ایس عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات روبہ عمل لاتی رہے گی۔
کویتا نے ہینڈ لوم صنعت پر جی ایس ٹی کے نفاذ کو مرکزی حکومت کی غیرمنصفانہ پالیسی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ۔ کویتا نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کانگریس نے انتخابات سے قبل ہینڈلوم صنعت پر جی ایس ٹی ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار پر فائز ہوتے ہی دیگر وعدوں کی طرح اس وعدہ کو بھی فراموش کر دیا ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے ہینڈلوم صنعت پر عائد کردہ جی ایس ٹی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کو بھی ہینڈ لوم ورکرس اور کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کے لئے ضروری اقدامات روبہ عمل لانا چاہئے۔ کویتا نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ بی آر ایس ریاست کے عوام کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔
انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی ترقیاتی پالیسیوں اور عوامی بہبود کے منصوبوں کو گاؤں گاؤں اور گھر گھر تک پہنچانے میں فعال اور موثر کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس تلنگانہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کی علمبردار ہے اور ہر سازش کا منہ توڑ جواب دے گی ۔ اجلاس میں پارٹی کے مستقبل کے عزائم اور عوامی مفادات کے تحفظ پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔