Wednesday, December 4, 2024 | 1446 جمادى الثانية 03
Regional

تلنگانہ میں 20 برس بعد محسوس کئے گئے زلزلہ کے جھٹکے،آندھرا اور مہاراشٹرا کے علاقوں میں بھی لرزگئی زمین

تلنگانہ آندھرا پردیش کے کئی علاقوں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی۔ تلنگانہ آندھرا کے علاوہ مہاراشٹرا کے کئی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ لوگوں نے صبح 7.20 سے 7.26 کے درمیان زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے۔ حیدرآباد۔ ہنمکنڈہ۔ ورنگل۔ کھمم۔ رنگاریڈی۔ بھدرادری کوتہ گوڑم۔گوداوری کھنی۔ بھوپال پلی۔ بھدراچلم۔ وجئے واڑہ۔ منگلا گری۔ اور دیگر علاقوں  میں صرف دو سکنڈ کیلئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس دوران لوگ اپنے گھروں اور اپارٹمنٹس سے باہر نکل آئے۔ نندی گاما میں زمین 7 سیکنڈ تک ہلتی رہی جبکہ ملوگو ضلع کے میدارم میں ریکٹر اسکیل پر 5.3 کی شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیاگیا۔ ماہرین کے مطابق تلنگانہ میں تقریباً 20 سال میں پہلی بار اتنا بڑا زلزلہ آیا ہے۔
اس دوران سی ایس آئی آر کے ڈائرکٹر ڈاکٹر پرکاش کمار نے تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں آئے زلزلوں پر اپنا ردعمل دیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں زلزلہ بہت کم آتے ہیں۔ یہ مستحکم مواد والے خطہ میں آتاہے لیکن شمالی حصہ جوکہ گوداوری رفٹ ویلی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اکثر اس طرح کے زلزلوں سے کچھ زیادہ نقصان نہیں پہنچتاہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ ہمیں اس سلسلہ میں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔