مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی، مرکزی وزیر اور بدھنی سے ایم ایل اے شیوراج سنگھ چوہان نے ریاست کے ودیشا سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہونے کے چند دن بعد بروز پیرکو بدھنی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس دوران شیوراج سنگھ چوہان بہت جذباتی ہو گئے۔
شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ یہ لمحہ میرے لیے بہت جذباتی ہے کہ میں نے مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میں بدھنی سے ایم ایل اے تھا اور بدھنی اسمبلی حلقہ کی عوام میری ہر سانس میں بستے ہیں۔ میں نے اپنی عوامی زندگی کا آغاز بدھنی سے ہی کیا تھا،بچپن سے تحریکیں چلائیں اور پھرعوام کی محبت حاصل ہوتی رہی۔
میں اس بدھنی اسمبلی حلقہ سے چھ بار ایم ایل اے رہا ہوں، اور ایم پی الیکشن میں بھی چھ بارعوام نے مجھے بھاری اکثریت سے جتایا ہے۔ میں نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں 1 لاکھ 5 ہزار ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور اب لوک سبھا میں بھی انہی لوگوں نے مجھے جتایا ہے۔
شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ میں نے بدھنی کے لوگوں کی دل سے خدمت کی ہے، میری ساری زندگی عوام کی اسی محبت کے لیے وقف ہے اور میں پوری زندگی عوام کی خدمت کرتا رہونگا ۔
بی جے پی ہائی کمان نے مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کو ودیشا سیٹ سے امیدوار بنایا تھا۔ شیوراج سنگھ چوہان نے ودیشا سے 8 لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔