اتر پردیش کی کابینہ نے نئی سوشل میڈیا پالیسی کو منظوری دے دی ہے۔ جسکے تحت سوشل میڈیا پر ملک مخالف مواد اپ لوڈ کرنے والوں کو 3 سال سے لے کر عمر قید تک کی سزا دی جاۓ گی۔
بتا دیں کہ 27 اگست منگل کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ ہوئی جس میں اتر پردیش ڈیجیٹل میڈیا پالیسی 2024 کو منظوری دی گئی۔
یوگی حکومت کے مطابق، فلاحی اقدامات سے عوام کو باخبر رکھنے اور ملک مخالف یا نقصاندہ مواد شیئر کرکے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کیلئے نئی سوشل میڈیا پالیسی نافذ کی جائیگی۔
اس میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض یا ملک مخالف پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی دفعات رکھی گئی ہیں۔ اس کے تحت عمر قید تک کی سزا کو مقرر کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اب تک سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹس کے خلاف آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66 (E) اور 66 (F) کے تحت کارروائی کی جاتی تھی۔ لیکن یوگی حکومت اب اس کو کنٹرول کرنے کے لیے نئی پالیسی لے کر آئی ہے۔ اس کے تحت جرم ثابت ہونے پر (ملک مخالف سرگرمیوں میں) تین سال سے لے کر عمر قید تک کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
مذکورہ پالیسی میں ایجنسیوں اور کمپنیوں کیلیے سوشل میڈیا پر اشتہارات اور رقم وصول کرنے کیلئے بھی سسٹم بنایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر مواد تیار کرنے والے انفلوئینسرز کو سبسکرائبرس اور مختلف پلیٹ فارمز پر فالوورز کی بنیاد پر چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
جن کی ماہانہ آمدنی 30 ہزار سے 5 لاکھ کے درمیان ہے۔ یوٹیوب ویڈیوز اور پوڈکاسٹ کیلئے آمدنی کی درجہ بندی 4 لاکھ سے 8 لاکھ تک کی گئی ہے۔
ساتھ ہی اس پالیسی کے ذریعے عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیموں اور کامیابیوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جائے گی۔
حکومت کے مطابق: یوگی حکومت نے یہ پالیسی عوام کو اپنی عوامی بہبود، فائدہ مند اسکیموں اور کامیابیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے لائی ہے۔ اس کے تحت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے X، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر ریاستی حکومت کی اسکیموں اور کامیابیوں پر مبنی مواد، ویڈیوز، ٹویٹس، پوسٹس اور ریلز کو شیئر کرنے پر انہیں اشتہارات دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ حکومت کو امید ہے کہ اس سے نوجوانوں کی بڑی تعداد کو روزگار ملے گا۔
پالیسی کے مطابق، حکومت نے اشتہارات کو سنبھالنے کے لیے ایک ڈیجیٹل ایجنسی، ‘V-Form’ کا انتخاب کیا ہے۔ ایجنسی ‘V-Form’ ویڈیوز، ٹویٹس، پوسٹس اور ریلز کی نمائش کے لیے ذمہ دار ہوگی۔