Monday, September 16, 2024 | 1446 ربيع الأول 13
Politics

مسلمانوں پر مسلسل ہو رہے حملوں پر بی جے پی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، راہل گاندھی

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے ہریانہ اور مہاراشٹر میں حالیہ واقعات پر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر تصویریں شیئر کیں اور بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر جاری حملوں کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتاہے کہ بی جے پی کتنی ہی کوشش کرے ہم نفرت کے خلاف ہندوستان کو متحد کرنے کیلئے یہ تاریخی جنگ جیتیں گے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ جو لوگ نفرت کو سیاسی ہتھیار کے طورپر استعمال کرتے ہیں وہ پورے ملک میں خوف پھیلا رہے ہیں۔ نفرت سے بھرے یہ عناصر بھیڑ کے پیچھے چھپ کر قانون کی حکمرانی کو کھلم کھلا چیلنج کررہے ہیں اور تشدد پھیلا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ہریانہ کے چرکھی دادری میں 27 اگست کو مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان مہاجر مزدور صابر کو شر پسندوں نے اس شبہ میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا کہ اس نے 'بیف' کھایا ہے۔ 
اسکے علاوہ مہاراشٹرمیں ایک مسلمان بزرگ جو اپنی بیٹی سے ملاقات کرنے کے لیے کلیان جا رہا تھا انہیں بھی گائے کا گوشت رکھنے کے شبہ میں شر پسندوں نے ٹرین میں گندی گالیاں دی اور انہیں مارا پیٹا۔ 
دونوں معاملات کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ جو لوگ نفرت کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے اقتدار کی سیڑھی پر چڑھ گئے ہیں وہ پورے ملک میں مسلسل خوف کا راج قائم کر رہے ہیں۔