Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

سبحان خان نے اپنی جان کی بازی لگا کر 9 افراد کی زندگیوں کو محفوظ کر لیا

 تلنگانہ کے کھمم ضلع میں دو دن قبل آئے سیلاب میں پل پر پھنس جانے والے9 افراد کی جان بچانے والے سبحان خان کی ہر گوشہ سے ستائش کی جارہی ہے۔
سبحان خان نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیرجہاں پہ ہیلی کاپڑ نہ پہنچ سکاوہ بلڈوزر لے کر پہنچ گئے۔ اور ان تمام 9 افراد کی جانوں کو محفوظ کر لیا۔
یہ آپریشن سبحان خان نے تنہا طور پر رات دیر گئے اس وقت انجام دیا جب حکومت کی مشنری بھی ان افراد کو بچانے میں ناکام ثابت ہوگئی۔
سیلاب میں پھنسے لوگوں نے ویڈیوز اورتصاویر اپنے رشتہ داروں اور مقامی قائدین کو پوسٹ کرتے ہوئے ان سے اپنی جان بچانے کی اپیل کی۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر ٹی ناگیشورراو نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کی خدمات حاصل نہیں کی جاسکیں۔
ویڈیو دیکھنے کے بعد سبحان خان نے لوگوں کی جان بچانے کے لیے اپنا جے سی بی  لے کر گھر سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔ جانے سے قبل سبحان نے کہا کہ اگر میں مر گیا تو ایک زندگی ختم ہو جائے گی لیکن اگر میں واپس لوٹ آیا تو میرے ساتھ نو زندگیاں لوٹیں گی۔
جانکاری کے مطابق یہ تمام افراد 11 گھنٹے تک حکومت کی امداد کا انتظار کررہے تھے اور زندہ بچنے کی امید ختم کردی تھی، تاہم  رات 12 بجے انہیں سبحان خان نے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
ہریانہ سے تعلق رکھنے والے سبحان خان ان لوگوں کے لیے حقیقی زندگی کے ہیرو ثابت ہو‎ۓ۔