Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

ہریانہ میں شر پسندوں کے ہاتھوں مقتول صابر ملک کی اہلیہ کو بنگال حکومت نے دی نوکری

گزشتہ ماہ ہریانہ میں کچھ شر پسند لوگوں نے مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے مہاجر صابر کو گاۓ کے گوشت کھانے کے شک میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا تھا۔ جسکے بعد  بنگال کے وزیر اعلی ممتا بنرجی نے 4 ستمبر بدھ کے روز  ہلاک صابر ملک کی اہلیہ سے ملاقات کی اور انہیں نوکری فراہم کی، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ملک کی اہلیہ شکیلہ سردار کو تقرری نامہ سونپا، جو اپنی چار سالہ بیٹی کے ساتھ ریاستی سیکرٹریٹ نبنا تشریف لائی تھیں۔
صابر ملک کو ہریانہ کے چرخی دادری ضلع میں گئو رکشکوں کی جانب سے گائے کے گوشت کھانے کے شک میں موب لنچنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جسکے بعد سے  ترنمول کانگریس اس معاملے پر لگاتار آواز اٹھا رہی ہے۔ ترنمول کی جانب سے، پارٹی کے لوک سبھا ایم پی سمیر الاسلام نے متاثرہ خاندان کے ارکان سے رابطہ کیا اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے ریاستی حکومت کے فیصلے کے بارے میں بتایا۔
شکیلہ سردار کو محکمہ لینڈ اینڈ لینڈ ریفارمز میں ایک سال کے لیے کنٹریکٹ پر تعیناتی دی گئی ہے۔ ایک سال کے بعد انہیں گروپ ڈی اسٹاف کے طور پر شامل کیا جائے گا۔ نوکری کی پیشکش متاثرہ کے خاندان کو پہلے سے دیے گئے 3 لاکھ روپے کے معاوضے کے علاوہ ہے۔