Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

میرواعظ کو جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی،گھر میں نظر بند

 میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کو آج جامع مسجد سرینگر میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
حکام کی جانب سے انہیں گھر پر نظر بند رکھا گیا۔ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کےمطابق میرواعظ عمر فاروق کو حکام نے مطلع کیا ہے کہ انہیں گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے اور انہیں آج جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دینے اور نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اس فیصلہ پر غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوۓ کہا کہ ’’مرکزی جامع مسجد میں مولوی محمد عمر فاروق کا وعظ و تبلیغ سننے کیلئے ہزاروں لوگ منتظر رہتے ہیں۔ انہیں نظر بند کرنے کے نتیجے میں نہ صرف ان ہزاروں لوگوں کو مایوس ہوکر واپس لوٹنا پڑتا ہے بلکہ حکام کے اس رویہ سے عوامی جذبات کو بھی شدید ٹھیس پہنچتی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ میرواعظ مولوی محمد عمر فارق تاریخی جامع مسجد سرینگر کے خطیب اور مقبول مذہبی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ علیحدگی پسند تنظیم کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی ہیں۔ میرواعظ کو 370کی منسوخی سے قبل ہی خانہ نظر بند رکھا گیا تھا اور چار سال کے طویل عرصہ کے بعد انہیں رہا کیا گیا۔ تاہم رہائی کے بعد انہیں کئی مرتبہ خانہ نظر بند رکھا گیا۔