Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد کا دورہ ہندوستان،دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر کریں گے تبادلہ خیال

مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دعوت پر 9سے 10 ستمبر 2024 تک ہندوستان کے سرکاری دورے پر انکی آمد ہو رہی ہے۔ اس دورے کا مقصد متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان پہلے سے مضبوط تعلقات کو مزید مضبوط بناناہے۔ شیخ خالد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہندوستان آئے گا جس میں یو اے ای کے وزراء، سینئر حکام، کاروباری رہنما اور ممتاز اقتصادی شراکت دار شامل ہیں۔ 
اپنے قیام کے دوران ولی عہد ہندوستان میں سینئر حکام کے ساتھ بات چیت کرنے والے ہیں۔ یہ مذاکرات دونوں ممالک اور ان کے عوام کے باہمی فائدے کیلئے پہلے سے حاصل کئے گئے اہم سنگ میلوں کی بنیاد پر اہم اقتصادی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے مواقع تلاش کریں گے۔ 
اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے علاوہ شیخ خالد متعدد سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں گے جو متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے مشترکہ مضبوط اقتصادی اور ثقافتی رشتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ 
ان مصروفیات سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے متنوع شعبوں کو اجاگر کرنے کی امید ہے۔ یہ سفارتی مشن متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے تعلقات کی جاری ترقی میں ایک بڑا قدم ہے۔