Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

ایک ہی گھر سے نکلا 14 افراد کا جنازہ، ایک ساتھ 5 بھائیوں کا خاندان زیر خاک تدفین

یوپی کے آگرہ میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا ہے۔ جہاں ایک ہی گھر سے14 افراد کاجنازہ اٹھایا گیا، 14 قبریں کھودی گئیں۔ جس سے پورے گاؤں میں ماتم کا بادل چھا گیا۔
اس حادثے نے سب کے رونگٹے کھڑے کردیئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں4 بچے،4 خواتین اور9 مرد شامل ہیں۔
در اصل یہ سب پک اپ گاڑی میں سوار ہو کر سفر کر رہے تھے کہ ہتھرس میں انکی گاڑی بس سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ خواتین اور بچوں سمیت 17 افراد ہلاک ہو گۓ۔ جبکہ 16 افراد شدید زخمی ہوۓ اس سواری میں کل37 افراد سوار تھے۔
 زخمیوں کو آگرہ اور علی گڑھ کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ بس اور پک اپ کے درمیان اتنی شدیدٹکر ہوئی تھی کہ زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی۔ اس کے بعد جائے حادثہ چیخ پکار سے گونج اٹھی۔ راہگیروں کی مدد سے زخمیوں کو کسی طرح تباہ شدہ گاڑیوں سے نکال کراسپتال پہنچایا گیا جہاں 17؍ افراد کو مردہ قرار دیا گیا۔ 
 اس حادثے کے بعد14 لاشیں آگرہ کے کھنڈولی علاقے کے سیمرا گاؤں پہنچیں۔ لاشیں دیکھ کر گاؤں میں ماتم چھا گیا۔ اس حادثے میں 5؍ بھائیوں کا خاندان ایک ساتھ ختم ہو گیا 2 لاشیں انوالکھیڑا اور ایک لاش کو فیروز آباد پہنچایا گیا۔ مرنے والوں میں 16 ؍افرادآگرہ کے سیمرا گاؤں کے رہنے والے تھے جبکہ ایک فیروز آباد کا رہنے والا تھا۔ حادثے میں 16؍ افراد کی موت کی خبرجب سیمراگاؤں پہنچی توتمام گاؤں والے غمزدہ ہوگئے۔ گاؤں کے اکثر گھروں میں چولہے نہیں جلے۔ گاؤں میں جس نے بھی لاشوں کا ڈھیر دیکھا، وہ سہم گیا۔ خواتین اور بچوں کا رورو کربرا حال تھا۔ کچھ اپنے معصوم بچوں کیلئے آنسو بہا رہے تھے تو کچھ اپنے جوان بیٹے اور بہو کی لاشیں دیکھ کرماتم کررہے تھے۔