Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Education

ایک شام غزل کے نام :معظم جاہی مارکٹ میں 28 ستمبر کو غزل اور شاعری کی محفل کا انعقاد

 
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور حکومت کے محکمہ ثقافت و کلچر کی جانب سے تاریخی معظم جاہی مارکٹ میں 28 ستمبر کو ’’غزل اور شاعری کی شام‘‘ کا اہتمام کیا جارہاہے۔ حیدرآبادی تہذیب اور ثقافت کے فروغ کے لئے معظم جاہی مارکٹ کی تاریخی عمارت کے حدود میں یہ پروگرام منعقد ہوگا۔ معظم جاہی مارکٹ کی مرمت اور تزئین نو کے بعد حکومت کی جانب سے مختلف ادبی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ بلدی نظم و نسق کے سابق پرنسپل سکریٹری اروند کمار نے اس سلسلہ میں خصوصی دلچسپی لی تھی اور موجودہ پرنسپل سکریٹری دانا کشور نے اس روایت کو برقرار رکھا ہے۔ غزل اورشاعری کی شام کا دعوت نامہ جاری کیا گیا جو تلگو اور انگریزی میں ہے۔ تلنگانہ میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اردو کے پروگرام کی انگریزی اور تلگو میں تشہیر پر اردو والوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ اسی دوران جی ایچ ایم سی کے سابق فلور لیڈر اور کانگریس قائد محمد واجد حسین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی ، نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا ، گریٹر حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر ، چیف سکریٹری شانتی کماری ، کمشنر بلدیہ کے امر پالی کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے اردو والوں میں پائی جانے والی بے چینی سے واقف کروایا۔ انہوں نے پروگرام کے تشہیری میٹریل میں اردو کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ جی ایچ ایم سی حکام کو چاہئے کہ اردو کے شہر حیدرآباد میں ہونے والے پروگرام کی تشہیر تینوں زبانوں میں کریں۔