Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

جموں وکشمیر میں پہلے مرحلہ کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری نوجوانوں اور خواتین میں رائے دہی کو لیکر دیکھا گیا جوش وخروش

جموں و کشمیر میں دس سال بعد  ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے۔ 
پہلے مرحلہ میں 24 سیٹوں کیلئے کل 219 امیدوار میدان میں ہیں۔ 
اس میں رائے دہندگان وادی کشمیر کی 16 اور جموں ڈویژن کی آٹھ نشستوں کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔ جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ 
جموں و کشمیر میں پہلے مرحلے میں 24 سیٹوں کیلئے 23 لاکھ 27 ہزار 580 رائے دہندے اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں گے۔ 
ان میں 11 لاکھ 76 ہزار 462 مرد اور 11 لاکھ 51 ہزار 58 خاتون رائے دہندے ہیں۔  
پہلے مرحلہ میں 5.66 لاکھ نوجوان بھی ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔  
صبح کی اولین ساعتوں سے ہی عوام کی بڑی تعداد پولنگ اسٹینوں کے باہر نظر آرہی ہے۔ 
لوگ یہاں دس سال بعد حکومت منتخب کرنے کیلئے کافی پرجوش نظر  آرہےہیں۔ 
کشتواڑہ اسمبلی حلقہ سے نیشنل کانفرنس کے امیدوار نے کہاکہ دس سال بعد عوام کو اپنی پسند کی حکومت منتخب کرنے کا موقع ملاہے اس لئے لوگ خوش ہیں۔ 
انہوں نے کہاکہ یہ لمبی لمبی قطاریں مہنگائی، بے روزگاری اور نوکر شاہی کے خلاف لوگوں کا غصہ ہے۔
ادھر  اسی سیٹ سے بی جے پی امیدوار شگن پریہار نے کہاکہ لوگوں نے مجھے پیار اور امید دی ہے۔ 
اس دوران لوگام میں بھی لوگوں کی بڑی بڑی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر سیکوریٹی کے بھی کڑے انتظامات کئے گئے ہیں۔ 
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں تین مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی۔ اور انتخابی نتائج کا اعلان ہریانہ کے ساتھ 8 اکتوبر کو  کیا جائے گا۔