Thursday, September 19, 2024 | 1446 ربيع الأول 16
Education

حیدرآباد میں 25 ستمبر کو آل انڈیا حفظ قرآن کے مقابلہ کا انعقاد،مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور اسد الدین اویسی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

شہر حیدرآباد میں 'ایس آر زیڈ انٹرپرائزز' کے زیراہتمام آل انڈیا حفظ قرآن مقابلہ ’ماہر القرآن ایوارڈ 2024‘ منعقد کیاجا رہا ہے۔ 
یہ عظیم الشان کل ہند مسابقۃ حفظ قرآن کریم تقریب 25 ستمبر 2024 کو حیدرآباد کے گڈی ملکاپور کے کنگز پیالیس میں منعقد ہوگی۔ 
اس موقع پر ایک جلسہ عام اور اختتامی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔ اس جلسہ میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر مسلم پرنسل لاء بورڈ کے علاوہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ 
آرگنائزر قاری محمد عبدالرحمن نے بتایا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد طلباء اور اسکالرز میں قرآن پاک کے حفظ اور تلاوت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حافظ محمد سراج الدین عمری ٹاملناڈو‘ حافظ و قاری عبدالمجید ضیاء کرناٹک اور حافظ و قاری یونس علی خان تلنگانہ مقابلہ کے ججز ہوں گے۔ 
مقابلہ کے دوران 2 سیشن ہوں گے۔ پہلا سیشن صبح 10 بجے تا دوپہر 12.30 بجے جبکہ دوسرا سیشن دوپہر 2.30 بجے تا شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ قاری محمد عبدالرحمن نے بتایاکہ مقابلہ میں اول مقام حاصل کرنے والے کو ایک لاکھ روپے جبکہ دوسرے نمبر کیلئے 50 ہزار اور تیسرا مقام حاصل کرنے والے کو 25 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ ملک کا سرکردہ سٹلائٹ چیانل منصف ٹی وی اس تقریب کا میڈیا پارٹنر ہے۔ 
منصف ٹی وی نے اپنے قیام سے ہی سیاسی خبروں کے ساتھ ساتھ سماجی اور مذہبی پروگرموں کے ذریعہ اپنی ایک شناخت بنائی ہے۔ 
اس پروگرام میں بحیثیت میڈیا پارٹنر شامل ہونا بھی اسی سلسلہ کا ایک حصہ ہے۔