Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی سے ملاقات، وقف ترمیمی بل پر بورڈ نے تفصیل سے اپنا مؤقف پیش کیا

کل شام وقف (ترمیمی) بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا
جہاں جوائنٹ پارلیمنٹ کمیٹی نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کو اپنا مؤقف رکھنے کے لئے موقع فراہم کیا۔ یہ میٹنگ پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں ہوئی۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے وفد کی قیادت بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کی۔
مولانا نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ بورڈ مسلمانان ہند کا ایک متحدہ پلیٹ فارم ہے، جس میں ملک کی تمام اہم دینی و ملی جماعتیں، تمام مسالک، تمام اہم دینی مدارس، ملت کے علماء اور دانشوروں کی نمائندگی ہے، پروفیسر محمد سعود عالم قاسمی نے بھی وقف کی شرعی حیثیت پر گفتگو کی۔ اس کے بعد سینئر ایڈوکیٹ جناب ایم آر شمشاد نے وقف ترمیمی بل کی خامیوں اور نقائص پر قانونی نقطۂ نظر سے تفصیلی اظہار خیال کیا۔
مولانا محمد فضل الرحیم مجددی اور ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے بھی اس گفتگو میں حصہ لیا۔ بعد ازاں جے پی سی کے بعض ارکان نے توضیحی سوالات کیے، جس کے ارکان وفد کی جانب سے تفصیل سے جواب دئیے گئے۔ اس سے قبل بورڈ کی جانب سے وقف ترمیمی بل کے تفصیلی جائزے اور اس پر بورڈ کے اعتراضات پر مبنی 211 صفحات پر مشتمل ایک یاداشت بھی جمع کی گئی تھی، جس کی کاپیاں جے پی سی کے ارکان کو قبل از وقت فراہم کردی گئی تھیں۔
کمیٹی کے بعض ممبران نے بورڈ کے ڈرافٹ کی بہت تعریف کی اور کہا کہ وقف ترمیمی بل پر اب تک اس سے بہتر چیز ہمارے سامنے نہیں آئی ہے، اس میں وقف ترمیمی بل سے متعلق تمام سوالات کا جواب موجود ہے اور بڑی حد تک ہمارے اشکالات دور ہوئے ہیں۔ اس سے قبل بھی ایک غیر رسمی میٹنگ میں 24؍ اگست کو بورڈ چیئرمین کمیٹی کو ایک مختصر یاداشت پیش کرچکا ہے
ارکان بورڈ اور چیئرمین کمیٹی نے جو سوالات اٹھائے اس کے لئے بورڈ سے کہا گیا کہ وہ تحریری سوالات ملنے کے 15؍ دن کے اندر اپنے جوابات جمع کرادے۔ آخر میں چیئرمین کمیٹی نے ارکان وفد کا شکریہ ادا کیا۔ بورڈ کی طرف سے جنرل سکریٹری بورڈ مولانا محمد فضل الرحیم صاحب نے چیئرمین جے پی سی اور تمام ارکان کمیٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بڑی خندہ پیشانی سے ہماری باتوں کو سنا۔ یہ میٹنگ تقریباً ڈھائی گھنٹہ تک چلی۔
وفد میں جنرل سکریٹری بورڈ مولانا محمد فضل الرحیم مجددی، لیگل کمیٹی کے اسسٹنٹ کنوینر و رکن عاملہ سینئر ایڈوکیٹ جناب ایم آر شمشاد ، رکن عاملہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعود عالم قاسمی اور رکن عاملہ و ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس شامل تھے۔ اس موقع پر جے پی سی کے تمام ارکان موجود تھے۔ سب سے پہلے ڈاکٹر الیاس نے وفد کے ارکان کا تعارف کروایا۔ اس کے بعد صدر بورڈ نے تفصیل سے وقف کی شرعی حیثیت اور تاریخ پر روشنی ڈالی۔