Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

یکم جولائی سے تین نئے فوجداری قوانین کا نفاذ

ملک میں برطانوی دور سے نافذ تین فوجداری قوانین کو یکم جولائی سے تبدیل کیا جائے گا۔ دسمبر 2023 میں پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کیے گئے تین قوانین کوکل یعنی یکم جولائ سے پورے ملک میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ تین نئے قوانین کو انڈین جوڈیشل کوڈ۔ انڈین سول ڈیفنس کوڈ اور انڈین ایویڈینس ایکٹ کہا جائے گا۔جیسے ہی قوانین نافذ ہوں گے ان میں شامل سیکشنز کی ترتیب بھی بدل جائے گی۔ انڈین پینل کوڈ میں 511 سیکشنز تھیں لیکن انڈین جوڈیشل کوڈ میں 358 سیکشنز باقی ہیں۔ ترمیم کے ذریعے اس میں 20 نئے جرائم شامل کیے گئے ہیں جبکہ 33 جرائم میں سزا کی مدت میں اضافہ کیا گیاہے۔ 83 جرائم میں جرمانے کی رقم میں بھی اضافہ کیا گیاہے۔ 23 جرائم میں لازمی کم سے کم سزا کا بندوبست ہے۔ چھ جرائم میں کمیونٹی سروس کی سزا کا انتظام ہے۔ واضح رہے کہ 12 دسمبر 2023 کو مرکزی حکومت نے لوک سبھا میں تین ترمیم شدہ فوجداری قوانین متعارف کرائے تھے۔ ان بلوں کو لوک سبھا نے 20 دسمبر 2023 کو اور راجیہ سبھا نے 21 دسمبر 2023 کو منظوری دی تھی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے پیش کیے جانے کے بعد یہ بل راجیہ سبھا میں صوتی ووٹ سے منظور کیے گئےتھے ۔ اس کے بعد 25 دسمبر 2023 کو صدر مملکت سے منظوری کے بعد یہ بل قانون بن گئے لیکن ان کی موثر تاریخ یکم جولائی 2024 رکھی گئی تھی۔