Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

گینگسٹر نے جیل سے رہائی کی خوشی میں نکالا جلوس، پولیس نے دوبارہ بھیجا جیل

مہاراشٹرا میں گینگسٹر ہرشد پاٹنکر نے جیل سے رہائی کی خوشی میں اپنے حامیوں کے ساتھ شہر میں زبردست جلوس نکال کر جشن منایا۔ جس پر پولیس نے گینگسٹر کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے دوبارہ جیل بھیج دیا۔
بتا دیں کہ ناسک کا ایک خطرناک گینگسٹر ہرشد پاٹنکر کے خلاف ضلع کے کئی پولیس اسٹیشن میں اقدام قتل، لوٹ مار، دہشت گردی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے جیسے کئی مقدمات درج ہیں، وہ کئی دنوں سے ناسک جیل میں قید تھا، 23 جولائی کو اس کی جیل سے رہائی ہوئی۔
جہاں رہائی کے بعد اس کے حامیوں نے شہر میں جلوس نکالا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوگئی۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اکشن لیتے ہوۓ اسے دوبارہ گرفت میں لے لیا اور جلوس میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو بھی ضبط کر لیا۔
جلوس کے دوران شرن پور کا علاقہ زور دار شور شرابے اور ‘باس واپس آگیا’ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس کے بعد پٹنکر کے حامیوں نے اس جلوس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی، جو تیزی سے وائرل ہوگئی۔
اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس نے کرفیو کے حکم کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا،اور پٹنکر کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔ 
واضح رہے کہ گینگسٹر کے خلاف کئی سنگین الزامات درج ہیں۔ہرشد پاٹنکر کے خلاف سرکار واڑہ، پنچاوتی، اندرا نگر اور مضافاتی پولیس اسٹیشنوں میں سنگین جرائم کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔