Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
National

دہلی کے ایک آئی اے ایس کوچنگ سنٹر کے تہہ خانے میں پانی داخل ہونے سے تین طلباء کی ہوئی موت

 
دہلی میں ہفتہ کی شام ایک دردناک واقعہ پیش آیا، کوچنگ سینٹر کے تہہ خانے میں پانی بھرنے کی وجہ سے  3 طلباء ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، تینوں طالب علم اس کوچنگ میں یو پی ایس سی سول سرویس امتحان کی تیاری کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق ملنے والی لاشیں دو طالبات اور ایک طالب علم کی ہیں۔
بتا دیں کہ یہ حادثہ دہلی کے اولڈ راجندر نگر علاقے میں  راؤ آئی اے ایس یو پی ایس سی کوچنگ سینٹر میں ہفتہ کی شام میں پیش آیا ہے۔
عینی شاہد طالب علم نے بتایا کہ جب ہم نے لائبریری خالی کی تو پانی گھٹنے تک گہرا تھا۔ بہاؤ اتنا تیز تھا کہ سیڑھیاں چڑھنا مشکل تھا۔ صرف 2-3 منٹ میں پورا تہہ خانہ 10-12 فٹ پانی سے بھر گیا۔ بچے بینچ پر کھڑے تھے۔
بچوں کو بچانے کے لیے رسیاں ڈالی گئیں لیکن پانی گندا تھا اس لیے رسیاں نظر نہیں آرہی تھیں۔ 
اسکے علاوہ پولیس نے بتایا کہ بچاؤ کے دوران بنچ پانی میں تیر رہا تھا۔ اس لیے بچوں کو باہر لے جانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تہہ خانے میں پھنسے 13-14 طلباء کو بچا لیا گیا ہے۔ ان میں سے تین کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ 
اس حوالے سے قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
ساتھ ہی پمپ کے ذریعے تہہ خانے سے پانی مسلسل نکالا جا رہا ہے۔ اب یہ کام جلد مکمل ہونے جا رہا ہے۔
مگر ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ہائی پریشر کی وجہ سے اچانک پانی اندر کیسے آگیا۔ پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ دو افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ وزیر آتشی نے بھی اس واقعہ کی مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ مغربی دہلی کے پٹیل نگر میں پانی بھری گلی کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران یو پی ایس سی کے امیدوار کو بجلی کا کرنٹ لگنے کے چند دن بعد پیش آیا ہے۔