مقدس سفر حج 2025 کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا نے آن لائن فارم بھرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ حج فارم بھرنے کا عمل بتاریخ 13 اگست 2024 سے شروع ہو گیا ہے جو کہ 9 ستمبر 2024 تک جاری رہے گا،
بتا دیں کہ اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے منگل کو حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے حج 2025 کے لیے درخواست دینے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلی بار حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ کے علاوہ حج سہولت ایپ پر درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ https://hajcommittee.gov.in اور iPhone/Android موبائل ایپ "HAJ SUVIDHA" پر دستیاب آن لائن حج درخواست فارم کے ذریعے عازمین حج سے حج 2025 کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے مطابق عازمین حج 13 اگست سے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر درخواست دے سکتے ہیں۔ حج فارم موبائل سے بھی بھرا جا سکتا ہے، اس کیلئے اینڈرائیڈ فون میں حج سہولت ایپ ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا ۔ کمیٹی نے اپیل کی ہے کہ ایپ پر موجود حج رہنما خطوط کو غور سے پڑھ کر ہی فارم پُر کیا جائے ۔
حج کمیٹی کے مطابق حج درخواست دہندگان کے پاس ویلڈ پاسپورٹ ہونا ضروری ہے۔ جن کے پاس پہلے سے پاسپورٹ ہے، اس کی ویلڈیٹی 15 جنوری 2026 تک ہونی چاہئے۔ اس کے بعد ہی ان کی درخواست قبول کی جائے گی۔ اس بار حج کے قوانین میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگ اپنے ساتھ ایک اٹینڈنٹ لے جا سکتے ہیں،
بتادیں کہ سعودی عرب کی سلطنت (کے ایس اے) کی جانب سے حج 2025 کے لیے ہندوستان کے لیے 75,025, 1 کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ ہندوستان کیلئے مختص حج کوٹہ میں سے 70 فیصد حج کمیٹی آف انڈیا کے پاس رہے گا جبکہ باقی 30 فیصد کوٹہ پرائیویٹ آپریٹروں کو دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ حج کمیٹی آف انڈیا نے اپنی ویب سائٹ پر حج پالیسی 2025 جاری کیا تھا۔ جس کے تحت خادم الحجاج کے عہدے کا نام بدل کر کے حج انسپکٹر کیا گیا اس کے علاوہ پرائیویٹ کوٹے کو بھی 20 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کیا گیا اور عازمین حج کی عمر کو بھی 60 سے 65 تک محدود کیا گیا تھا۔