وزیراعظم نریندر مودی اس وقت روس کے دورہ پر ہیں۔ جہاں آج 23 اکتوبر بدھ کو تقریباً پانچ سال بعد وزیراعظم نریندر مودی چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کریں گے۔
اس دوران پوری دنیا کی نظریں اس بات چیت پر جمی ہوں گی۔ اس سے قبل 2019 میں برازیل میں منعقدہ برکس سربراہی اجلاس میں چین اور ہندوستان کے اعلیٰ رہنماؤں نے دو طرفہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔ مودی-جن پنگ کی اس بار ہونے والی دو طرفہ ملاقات کئی لحاظ سے پچھلی ملاقات سے مختلف ہے۔
آج کے دور میں جب دنیا کے دو حصوں کے درمیان جنگ جاری ہے جن میں سے ایک خود روس ہے جو برکس سربراہی اجلاس منعقد کر رہا ہے۔ ایسے میں جب ایشیائی ممالک کے دو طاقتور ترین رہنما آمنے سامنے ہوں گے تو اس کے اثرات عالمی سطح پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
تاہم اس ملاقات کو اور بھی خاص سمجھا جا رہا ہے کیونکہ صرف 2 روز قبل ہی ہندوستان اور چین نے جاری سرحدی تنازعہ کو ختم کرنے کی تصدیق کی ہے۔
اس سے پوری دنیا کو یہ پیغام بھی گیا ہے کہ دونوں پڑوسی اپنے مفادات کے لیے بہت سنجیدہ ہیں۔