Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Education

معروف ماہر اور اسلامک اسٹڈیز میں مہارت رکھنے والے ڈاکٹر جاوید جمیل کی' قرآن کریم کا منظم مطالعہ ' کا رسم اجرا عمل میں آیا

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے زیر اہتمام معروف ماہر اور اسلامک اسٹڈیز میں مہارت رکھنے والے ڈاکٹر جاوید جمیل کی' قرآن کریم کا منظم مطالعہ 'کتاب کا رسم اجرا IICC کے صدر اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، راجیہ سبھا کے سابق ڈپٹی چیئرمین کے رحمان خان، الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ایس و ائی قریشی، دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خان ،جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی، بہار جھارکھنڈ اڑیسہ بنگال کے امیر شریعت مولانا فیصل رحمانی، اور دلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین کمال فاروقی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
کتاب کے مصنف ڈاکٹر جاوید جمیل نے سبھی مہمانوں کا استقبال کیا اور کتاب کے بارے میں اہم جانکاری فراہم کرائی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر اسلام خان نے اپنی گفتگو میں کتاب کے مصنف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا قرآن کریم وہ واحد کتاب ہے جو تا قیامت تک بدلی نہیں جا سکتی ہے،جس طرح سے کتاب سرکار دو جہاں سرور کونین پر نازل ہوئی تھی اسی طرح آج تک زیر برابر کی بھی فرق نہیں ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب اکیڈمک ڈسپلن کے تحت پیش کی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ یہ کتاب مختلف اداروں میں پڑھانی چاہیے۔ 
ڈاکٹر ایس ائی قریشی نے کتاب کی مبارکباد کی پیش کی اور ڈاکٹر جاوید جمیل کی خدمات کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ اسلام نظام زندگی ہے لیکن افسوس ہم نے صرف نکاح اور طلاق کے علاوہ اس پر کبھی کوئی بات نہیں کی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ پوری زندگی کا ہر ایک لمحہ قرآن کریم میں وضاحت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، ضروری ہے کہ قرآن کریم کو سمجھ کر پڑھنا چاہیے۔
کے رحمان خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہت تحقیقی و تنقیدی کتاب ہے اس کتاب کو پڑھنے کے بعد قرآن کریم کے احکامات و پیغامات کو سمجھنے میں آسانی ہوگی انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم میں تمام رہنمائی اور ہدایت موجود ہیں البتہ ایسی کتاب کی بہت ہی اہم ضرورت ہے اسکے علاوہ اس کا ترجمہ بھی دیگر زبانوں میں ہونا چاہیے۔ صدارتی خطبہ میں سلمان خورشید نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مذہب کے بارے میں بیشتر لوگوں کو معلومات نہیں ہوتی ہے، جبکہ معلومات ہونا بیحد ضروری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے میں اسلامک سینٹر ایک اہم ذریعہ ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ لوگ اسلام کے بارے میں جنیں، ہم مذہب تبدیل کرنے پر زور نہیں دیتے ہیں بلکہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ لوگ مذہب اسلام سے فائدہ اٹھائیں۔
تقریب میں مولانا فیصل رحمانی اور سید سعادت اللہ حسنی نے ڈاکٹر جاوید جمیل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات پیش کی اور کہا کہ اس کتاب کو سبھی لوگوں کو پڑھنا چاہیے بالخصوص نوجوان نسل کو اس کتاب سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
آخر میں IICC کے ٹریزرار سکندر حیات نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران پروفیسر سلیم انجینئر، فہد جمیل، محمد امتیاز مسعود، حسن فروخ ناز سمیت دیگر اہم شخصیات موجود رہیں۔