مغربی بنگال کے شہر سلی گوڑی میں ایک 58 سالہ شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس شخص کا نامعلوم ملزمان سے 500 روپے پر جھگڑا ہوا جس کے بعد اسے بری طرح زدوکوب کیا گیا۔
واقعے میں متوفی کی بیٹی کو بھی شدید چوٹیں آئیں۔ اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق متوفی کی شناخت محمد جوہری کے طور پر کی گئی ہے۔
وہ سلی گڑی کے راجہولی علاقے میں رہتا تھا۔
مقامی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ 31 اکتوبر کو رات 8.30 بجے کے قریب دس لوگ محمد جوہری کے گھر آئے اور اس سے 500 روپے مانگے۔
جوہری نے پیسے دینے سے انکار کیا تو شرپسندوں نے اسے بری طرح مارا۔ اس قدر مارا پیٹا گیا کہ وہ زمین پر گر گیا۔
جب اس شخص کی بیٹی نے اپنے باپ کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے بھی مارا۔ محلے والے گھر پہنچے تو ملزمان وہاں سے فرار ہو گئے۔
محمد جوہری اور اس کی بیٹی کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں نے وہاں محمد جوہری کو مردہ قرار دے دیا۔
نیو جلپائی گوڑی پولیس اسٹیشن نے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔
کیس میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے علاقے میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ شرپسندوں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملزم کو بخشا نہیں جائے گا.