اتر پردیش اسمبلی کے اسپیشل سکریٹری برج بھوشن دوبے جو کہ 52سال کے تھے ایودھیا ضلع کے پترانگا پولیس اسٹیشن علاقے کی ہائی وے چوکی کے قریب سڑک حادثے میں انکی موت ہوگئی ہے۔ جبکہ ان کا بیٹا کرشنا عرف راجہ دوبے شدید زخمی ہو گیا، یہ واقعہ جمعرات کی دوپہر 12:30 بجے اس وقت پیش آیا جب وہ ایودھیا سے لکھنؤ جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق برج بھوشن دوبے کا بیٹا کرشنا گاڑی چلا رہا تھا، ہائی وے پر روجاگاؤں شوگر مل کے قریب گاڑی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے گاڑی بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر کو پار کر کے دوسری سایٹ میں آ گئی۔ اسی دوران ان کی کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے زوردار ٹکرا گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پترانگا پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا، یہاں ڈاکٹروں نے برج بھوشن دوبے کو مردہ قرار دے دیا۔ جبکہ ان کے بیٹے کرشنا کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ زیر علاج ہے۔
سی او آشیش نگم نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور لواحقین کو واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ برج بھوشن دوبے بستی ضلع کے پائیکولیا تھانہ علاقے میں واقع سریکھا خاص گاؤں کا رہنے والا تھا۔ حادثے کی خبر سے اہل خانہ میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔