اترپردیش کے ایک اسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعہ کے بعد جس میں دس نوزائیدہ بچوں کی موت ہوگئی تھی، تلنگانہ کے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس کو آگ سے حفاظت کے مضبوط اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ ہدایت اس خوفناک واقعے کے بعد سامنے آئی ہے جب پورے ملک میں ہسپتالوں کے حفاظتی معیارات کے بارے میں تشویش پیدا ہوئی ہے۔
ریاستی وزیر صحت نے محکمہ صحت کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے دوران تلنگانہ میں اس طرح کے واقعات کو رونما ہونے سے روکنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے دس خصوصی ٹیموں کی تشکیل کا اعلان کیا جو بڑے اداروں بشمول گاندھی ہاسپٹل۔ عثمانیہ ہاسپٹل۔ نیلوفر ہاسپٹل اور ایم جی ایم ہاسپٹل میں فائر سیفٹی پروٹوکول کا مکمل معائنہ کرنے کیلئے کام کرتے ہیں۔
یہ معائنے آگ بجھانے والے آلات کی آپریشنل حالت کا جائزہ لینے اور اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے کہ ہاسپٹل ہنگامی حالات کیلئے مناسب طور پر تیار ہیں یا نہیں۔
اس کے علاوہ ریاستی وزیر نے ہدایت دی کہ ہسپتال کے سیکورٹی اور دیگر عملے کو اپنی تیاری کو بڑھانے کیلئے آگ بجھانے کے اقدامات کے بارے میں مناسب تربیت حاصل کرنی چاہیے۔