Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
Politics

دیدی کا مغربی بنگال خواتین کیلئے غیرمحفوظ:بی جے پی صدر جے پی نڈا

مغربی بنگال میں سڑک کے بیچوں بیچ ایک خاتون کی پٹائی کی ایک خوفناک ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے ممتا بنرجی کی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں سی پی ایم اور بی جے پی نے کہا ہے کہ یہ ویڈیو شمالی بنگال کے شمالی دیناج پور ضلع کے چوپڑا کا ہے۔ منظر عام پر آنے والی  اس ویڈیو میں ایک شخص ایک خاتون کو بار بار لاٹھیوں سے مارتا ہوا نظر آرہا ہے اور اس پورے واقعے کے دوران وہاں کھڑا ہجوم خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ 
سی پی ایم اور بی جے پی لیڈروں کے مطابق حملہ آور کا نام تجمل ہے جس کا تعلق ترنمول کانگریس سے ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ وائرل ویڈیو میں موجود عورت پر حملہ کیوں کیا جا رہا ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ 
خاتون کی سرعام پٹائی کے معاملے پر بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے کہاکہ مغربی بنگال سے ایک خوفناک ویڈیو سامنے آئی ہے جو مظالم کی یاد دلاتا ہے۔ جے پی نڈا نے کہاکہ معاملات کو مزید خراب کرنے کیلئے ٹی ایم سی کےلیڈر اور ایم ایل اے نئے ایکٹ کو جواز بنارہے ہیں۔ بی جے پی صدر اور مرکزی وزیر نڈا نے کہاکہ سندیشکھلی ہو یا شمالی دیناج پور ہو یا دیگر کئی مقامات دیدی کا مغربی بنگال خواتین کیلئے غیرمحفوظ ہے۔ نڈا نے مزید کہاکہ مغربی بنگال میں امن و امان کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خاص طورپر خواتین کیلئے دیدی کا مغربی بنگال پوری طرح غیرمحفوظ ہوگیاہے۔