Monday, September 16, 2024 | 1446 ربيع الأول 13
Crime

نوجوان جم ٹرینر وسیم تالاب میں ڈوب کر جاں بحق،اہل خانہ کا پولیس پر بے دردی سے قتل کرنے کا الزام

 اتراکھنڈ کے 'روڑکی' میں تالاب میں ایک نوجوان کی لاش ملنے سے کہرام مچ گیا ہے۔ وفات شدہ نوجوان کے اہل خانہ کا یہ کہنا ہے کہ پولیس نے اسے باندھ کر تالاب میں پھینک دیا۔اور اسکی جان لے لی۔
لواحقین کے احتجاج کے دوران پولیس کی بڑی تعداد موقع پر تعینات تھی، جس کے بعد پولیس اہلکاروں سے گاؤں والوں اور لواحقین کی تیکھی نوک جھونک بھی ہوئی۔ 
اس معاملہ میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوۓ 7 نامزد اور 150 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق وسیم اپنے بہن کے گھر سے رات کا کھانا کھا کر واپس آرہا تھا کہ گائے کے تحفظ کے دستے کی ٹیم نے وسیم کو پکڑ لیا۔ راستے میں مارا پیٹا اور پھر اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر تالاب میں پھینک دیا۔ اس کے بعد پولس ٹیم بندوق لے کر تالاب کے ارد گرد کھڑی ہو گئی اور وسیم سے کہا کہ اگر وہ باہر آیا تو گولی مار دی جائے گی۔ گاؤں والوں نے نوجوانوں کو بچانے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں گولی مارنے کی دھمکی دے کر بھگا دیا۔ بالآخر زخمی وسیم تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں نوجوان مدد کی التجا کر رہا ہے۔ 
جب نوجوان کی لاش کو باہر نکالا گیا تو اس کے ہاتھ اور پیر رسی سے بندھے ہوئے تھے۔ اس کے جسم پر زخموں کے نشانات بھی تھے۔