Thursday, September 19, 2024 | 1446 ربيع الأول 16
Crime

بہار کے ضلع نوادہ میں شر پسندوں نے دلت برادری کے 80 گھروں کو کیا نذرِ آتش

بہار کے نوادہ ضلع میں شرپسندوں نے دلت برادری کے گھروں کو آگ لگا دی۔ 
یہ واقعہ نوادہ کے مفصل تھانہ علاقہ کے کرشنا نگر میں پیش آیا ہے۔
جہاں شر پسندوں نے  18 ستمبر بدھ کی شام میں پہلے فائرنگ کی اور پھر پٹرول چھڑک کر تمام گھروں کو آگ لگا دی۔ 
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ تقریباً 80 گھر جل گئے۔ تاہم پولیس کے مطابق شرپسندوں نے 21 گھروں کو آگ لگائی۔ اس واقعہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے. 
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دلت برادری اور ایک دوسری مقامی برادری کے درمیان زمین کے تنازع نے شدید رخ اختیار کر لیا تھا۔ 
اس واقعے پر بہار کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے.
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ نوادہ واقعہ بہار میں بہوجنوں کے ساتھ ناانصافی کی خوفناک تصویر کو بے نقاب کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بڑی سازش پر منظوری کی مہر لگی ہوئی ہے۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ بہار حکومت اور ریاستی پولیس کو اس شرمناک جرم کے تمام مجرموں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرنی چاہئے اور متاثرین کے خاندانوں کو ان کی بازآبادکاری کرکے مکمل انصاف فراہم کرنا چاہئے۔ 
ساتھ ہی آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بھی حکومت پر شدید تنقید کی ہے، اور اسے ’مہا جنگل راج‘ اور ’مہا راکشس راج‘ کا نام دیا۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں پر یہ ظلم ناقابل برداشت ہے۔